حکومت عافیہ کو واپس نہیں لا سکتی تو ناکامی کا اعتراف کرے، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

784

کراچی: قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ امریکا و برطانیہ میں ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے احتجاج ہو رہا ہے مگر پاکستانی حکومت کیوں ٹس سے مس نہیں ہو رہی؟  اگرحکومت عافیہ کو واپس نہیں لا سکتی ہے توعوام کے سامنے اپنی ناکامی کا اعتراف کرلے۔

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ نام نہاد جعلی جنگ ختم ہوگئی ہے،  امریکا نے شکست تسلیم کر لی ہے اور تمام قیدیوں کی رہائی کا عندیہ بھی دے دیا ہے تو آخر پھرحکومت پاکستان عافیہ کو کیوں واپس نہیں لے رہی ہے؟

انہوں نے کہا کہ سیاست کرنے کے لئے بہت ایشوز مل جائیں گے، عافیہ کی رہائی دینی حمیت اور قومی غیرت کی بحالی کا معاملہ ہے یہ بات حکومت اور اپوزیشن دونوں کو سمجھنی چاہئے۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ کا کہنا تھا کہ عافیہ کی واپسی میں رکاوٹ ہماری لیڈرشپ میں غیرت کا فقدان اور کرپٹ نظام ہے۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ’’عافیہ رہائی دستخط مہم‘‘ میں شرکت کرنے پر تمام جماعتوں کے قائدین، ڈاکٹر عافیہ کے سپورٹرز اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ عافیہ کی وطن واپسی تک ’’کاروان غیرت‘‘ کا سفر جاری رہے گا۔