کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے، افغان طالبان

409

 کابل: افغان وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند  نے کہا ہے کہ   امارات اسلامی کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی،طالبان نے اپنے تمام وعدے پورے کیے، امارات اسلامی عالمی برادری کے ساتھ اچھے اور معاشی تعلقات کی خواہاں ہے۔

 افغان عوام سے خطاب کرتے ہوئے  افغان وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  طالبان نے اپنے تمام وعدے پورے کیے ہیں، امارات اسلامی عالمی برادری کے ساتھ اچھے اور معاشی تعلقات کی خواہاں ہے لہذا عالمی برادری انسانی بنیادوں پر افغانستان کی امداد جاری رکھے،  افغانستان کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا۔

ملا محمد اخوند نے ملکی معاشی صورتحال پر کہا کہ افغانستان میں اسلامی امارات کی حکومت سے پہلے بھی معاشی مسائل تھے تاہم اگر افغان مرکزی بینک کے اثاثے بحال کردیے جائیں تو ہماری معاشی مشکلات ختم ہوجائیں گی۔

افغان وزیراعظم نے کہا کہ امارات اسلامی نے خواتین کو ان کے حقوق دیے ہیں اور ہم لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق معاملات مزید بہترکررہے ہیں، اس کے علاوہ رپورٹس ملی ہیں کہ کچھ لوگ گھروں میں گھس کر امن و امان کی صورتحال خراب کررہے ہیں، ایسے افراد کا امارات اسلامی سے کوئی تعلق نہیں ہے لہذا متعلقہ حکام ان واقعات کا نوٹس لیں۔