پیما نے حکومت کوکورونا کی نئی لہر سے متعلق خبر دار کردیا

145

کراچی (نمائندہ جسارت) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے ایک بار پھر حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ تیار اور چوکس رہے اور کورونا کی اس قسم کو ملک میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے فوری طور پر حفاظتی اقدامات کرے۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری پی ایم اے ڈاکٹرقیصر سجاد نے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم تجویز کرتے ہیں کہ جنوبی افریقا اور اس خطے کے دیگر ممالک سے ہوائی سفر پر عارضی پابندی عاید کی جائے، حکومت ائر پورٹس اور ملک کے دیگر داخلی مقامات پر سہولیات کو بہتر بنائے تاکہ مسافروں کی اسکینگ کی جا سکے اور ائر پورٹس پر اینٹی جن
کووڈ19 ٹیسٹ دوبارہ شروع کیا جائے، خاص طور پر ان مسافروں کا جو زیادہ خطرے والے ممالک سے خاص طور پر جنوبی افریقا سے آتے ہیں، اگر کسی میں کووڈ19کی علامات پائی جاتی ہیں تو اسے نگرانی کے لیے داخلی مقامات پر قرنطینہ میں رکھا جائے، وائرس زدہ مریضوں کو الگ تھلگ سہولیات میں رکھا جائے،حکومت تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرے اور فوری طور پر ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرائے، ہمیں ڈر ہے کہ اگر حکومت ایسا کرنے میں ناکام رہی تو خدا نہ کرے ہمیں دسمبر کے وسط یا آخر تککووڈ کی ایک اور لہر کا سامنا ہو سکتا ہے۔