نسلہ ٹاور گرانے کا کام جاری‘پولیس نفری بڑھادی گئی

304

کراچی (نمائندہ جسارت) عدالت عظمیٰ کے حکم پر کراچی میں واقع نسلہ ٹاور کو گرانے کا کام جاری ہے، نسلہ ٹاور کے باہر پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھا دی گئی۔ ہیوی مشینری اور مزدوروں کی مدد سے نسلہ ٹاور کو گرایا جا رہا ہے جبکہ تجوری ہائٹس کو بھی توڑنے کا عمل جاری ہے۔ کراچی میںشارع فیصل نرسری کی سروس روڈ پر واقع نسلہ ٹاور کو گرانے کا کام گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ نسلہ ٹاور کی بالائی منزلوں کو مزدوروں کی مدد سے جبکہ نیچے کی دیواریں ہیوی مشینری کے ذریعے
گرائی جا رہی ہیں۔ عمارت کو منہدم کرنے کے کام کے باعث نرسری سے شاہراہ قائدین جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے۔ واضح رہے کہ کراچی رجسٹری میں نسلہ ٹاور سے متعلق سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے عمارت گرانے میں سستی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کو نسلہ ٹاور1 ہفتے میں گرا کر رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔