وسائل کی کمی، نکاسی آب کا نظام درست نہیں ہوسکتا، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد

170

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو نے کہا ہے کہ حیدرآباد کے آدھے مسائل تجاوزات کی وجہ سے ہیں، یہی سبب ہے کہ ٹریفک جام روز کا معمول بنتا جارہا ہے، تعلقہ شہر، لطیف آباد اور قاسم آباد سے کافی حد تک تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا اور ابھی مزید جگہوں سے تجاوزات کا خاتمہ باقی ہے۔ تجاوزات پر اب مقدمات بھی درج ہورہے ہیں۔ واسا کی ریکوری 30 فیصد ہے اتنے کم وسائل میں فراہمی آب و نکاسئی آب کا نظام کیسے درست ہوسکتا ہے، سینیٹری
عملہ کام نہیں کرتا، بلدیہ کے پاس جو سلاٹر ہائوس موجود ہے ایڈمنسٹریٹر آجائیں تو اس کو فعال کرنے کے لیے اقدام کریں گے۔ وہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد الطاف میمن کے سپاسنامہ کے جواب میں اراکین چیمبر سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ہم قانون کی پاسداری نہیں کرتے جب ہم قانون پر عملدرآمد کریں گے تو یہ تمام مسائل، شکایات ہم سے دور ہوجائیں گی۔ قبل ازیں صدر الطاف میمن نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے کورونا وباء کے دوران اقدامات قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں جدید مشینوں پر مشتمل ٹراما سینٹر موجود ہونے کے باوجود غیر فعال ہے اسے جلد فعال کیا جائے ۔ آخر میں سینئر نائب صدر محمد ادریس میمن نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔