حیسکو پریٹ آباد ایس ڈی او اور دیگر عملے کیخلاف مظاہرہ

197

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)اہلیان ساگر کالونی پھلیلی، الفضل ٹاؤن اور حشمت بانو ٹاؤن کے مکینوں نے حیسکو پریٹ آباد سب ڈویژن کے ایس ڈی او اور ایل ایس سمیت دیگر عملے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر رشید احمد،آصف اور اللہ رکھا سمیت دیگر مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ حیسکو پریٹ آباد سب ڈویژن کے ایس ڈی او منظور الہی، اے ایل ایم ارشاد شیخ اور ایل ایس اظہردیسوالی سمیت دیگر عملے نے مکینوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے اور افسران اپنے عہدوں کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غریب لوگوں کے بجلی کے بلوں پر ناجائز ڈیٹیکشن لگا کر انہیں پریشان کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آئے دن ٹرانسفارمرز کے لنک نکال دیے جاتے ہیں اور بعدمیں لنک لگانے کے لیے بھاری رشوت کا مطالبہ کیا جاتا ہے جبکہ مردوں کی غیر موجودگی میں گھروں میں زبردستی داخل ہوکر خواتین کو ہراساں کرکے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے۔اپنی کرپشن چھپانے کے لیے پولیس موبائل لا کر لوگوں کو ہراساں کر رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم اور وفاقی وزیر توانائی سے اپیل کی کہ مکینوں کو اس ظلم و ستم سے نجات دلوائی جائے دوسری صورت میں ہم حیسکو چیف آفیسر کے آفس کے سامنے دھرنا دینے پر مجبور ہوں گے۔