حکمرانوں کو قوم سے کیے گئے وعدے یاد کراتے رہیں گے، جاوید قصوری

172

لاہور ( نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کی اپیل پر آج اتوار کو نوجوانوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر اسلام آباد ڈی چوک میں جمع ہو گا ۔ عوام کے سامنے تحریک انصاف کی تبدیلی کی حقیقت آشکار ہوچکی ہے۔ہم حکمرانوں کو قوم اور نوجوانوں سے کیے وعدوں کو یاد کروا تے رہیں گے اور حکمرانوں کو بھاگنے نہیں دیںگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ہونے والے احتجاجی مارچ کے سلسلے میں جائزہ اجلاس کے بعد میڈیا کو جاری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈالر 180روپے تک پہنچ چکا ہے۔ تجارتی خسارے میں 94فیصد اضافہ لمحہ فکریہ اور موجودہ حکمرانوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت ڈیڑھ سال کی کم ترین سطح پر آچکی ہے مگر پاکستان جہاں ایک طرف پیٹرول کی قلت برقرار ہے، پیٹرول پمپ مالکان سراپا احتجاج ہیں تو دوسری طرف پیٹرول کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں کمی کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان میں بھی قیمتیں فی الفور کم کی جائے تاکہ مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں پاکستان پر غیر ملکی قرضہ 6044ارب روپے تھا جو 2013میں 4366ارب جبکہ نواز شریف کے دور حکومت کے اختتام پر 29879 ارب تک پہنچ چکا تھا،تحریک انصاف نے اس میں خطرناک حد اضافہ کرتے ہوئے 47829ارب تک پہنچادیا ہے اور ابھی پی ٹی آئی کی حکومت کا ڈیڑھ سال باقی ہے۔ جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان جب اقتدار میں نہیں تھے تو ترقی یافتہ ممالک کی مختصر کابینہ کی مثالیں دیتے نہیں تھکتے تھے، آج ان کی اپنی کابینہ 50 وزراء سے بڑھ کر ہے۔ جو غریب ملک کے قومی خزانے پر بوجھ ہے۔ پورا ملک ایک نئے بحران کی زد میں نظر آتا ہے۔