پی پی عوامی ترجمانی کرنے والی جماعت ہے،خیر محمد شیخ

201

لاڑکانہ(بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے پارٹی سیکرٹریٹ کینیڈی مارکیٹ میں صدر خیر محمد شیخ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں جنرل سیکرٹری انور علی نواز لہر، ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری میر ماجد بروہی، سرفراز کھوکھر، علی گوہر سانگی، اصغر کھچی، شیر محمد لغاری، محمد مٹھل سومرو، عبدالباری عباسی سمیت دیگر نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خیر محمد شیخ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے 30 نومبر پر پارٹی کا 54 واں یوم تاسیس اور 27 دسمبر پر گڑھی خدابخش بھٹو میں شہید بے نظیر بھٹو کی 14 ویں برسی کی تقریب میں پورے سندھ اور ملک کے کونے کونے سے پارٹی رہنما، کارکنان، جیالے اور عوام بڑی تعداد میں شرکت کرکے یہ ثابت کریں گے کہ پیپلز پارٹی عوامی حقوق کی ترجمانی کرنے والی واحد پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت ملک کو چلانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑدی ہے، نااہل عمران نیازی ملکی عوام کو ریلیف دینے کے بجائے روز روز پیٹرول، بجلی سمیت عام اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے عوام کے تکالیف میں بھی اضافہ کردیا ہے جس کے باعث غریب طبقہ دو وقت کی روٹی کیلیے پریشان ہیں تمام جلد نیازی حکومت کا خاتمہ ہوگا اور ہم بلاول بھٹو زرداری کو ملک کا وزیراعظم بنائیں گے۔