جمعیت طلبہ کی محافظ اور روشن مستقبل کی نوید ہے، حسن بلال

158

فیصل آباد(نمائندہ جسارت)اسلامی جمعیت طلبہ ڈویژن کے زیراہتمام حقوق طلبہ کنونشن میں شرکت کرنے اورطلبہ کوشریک کروانے کے لیے ذمہ داران اور کارکنان کے اعزاز میں ڈویژنل ناظم انجینئر رانا شعیب اعظم سلیمی کی زیرصدارت عشائیہ ـ’’اعزاز‘‘ کا اہتمام کیا گیا،جس میں اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب شمالی کے ناظم حسن بلال ہاشمی نے خصوصی شرکت کی۔اس موقع پرصوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری حافظ امان اللہ صابر،ناظم شہر علی عامربٹ ناظم زرعی یونیورسٹی حافظ محمدافزازاوردیگرڈویژن بھر کے ذمہ داران نے بھی خطاب کیا۔صوبائی ناظم حسن بلال ہاشمی نے اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے تحت ڈی چوک اسلام آباد میں کامیاب حقوق طلبہ کنونشن کے انعقاد اوراس میں ہزاروں طلبہ کی شرکت پرفیصل آبادکے ذمہ داران کو کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ثابت ہوگیا کہ جمعیت نہ صرف طلبہ کی نمائندہ تنظیم ان کے حقوق کی محافظ بلکہ ملک کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔ جمعیت نے ملک بھر سے حقوق طلبہ مارچ میں نوجوانوں کو بیدار کرنے کے ساتھ ثابت کیاکہ طلبہ یونین کی بحالی،فیسوں میںکمی اور تعلیمی بجٹ میں اضافہ وقت کی آواز ہے۔ طلبہ یونین پر پابندی اور فیسوں میں بے تحاشا اضافے سے قوم قابل و دیانتدار قیادت سے محروم جبکہ تعلیمی ایمرجنسی کے باوجود شرح خواندگی میں کوئی خاطر خواہ اضافہ نہیں ہورہا، انہوں نے کہا کہ حکومت حقوق طلبہ کنونشن میں طلبہ یونین کی بحالی، فیسوں میں کمی اور تعلیمی بجٹ میں اضافے کے مطالبات پر مبنی قراردادوں پر ہمدردانہ غور کرکے طلبہ میں پائی جانے والی بے چینی کو ختم کرے۔ طلبہ و طالبات ہی ملک کا مستقبل ہیں۔ قومی قیادت نئی فصل کو نظر انداز نہ کرے۔ حالات اور اغیار کے رحم کرم پر نئی نسل کونہ چھوڑا جائے۔