میڈیکل کی تمام تحقیقات کا نچوڑ قرآن ہے ،پروفیسر سید رضی

202

میرپورخاص (بیورورپورٹ)خالق کائنات نے محمد مصطفی ﷺ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت العالمین بنا کر بھیجا،آپﷺ کی ذات اقدس کو ہی تخلیق کائنات کی نویددی، اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کی تعریف و توصیف واضح طورپر قرآن کریم میں بیان فرمائی ہے ۔اس امر کا اظہارمنیجنگ ٹرسٹی و پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سید رضی محمد،علامہ محمد صادق سعیدی، مولانا حفیظ الرحمن فیض،وائس پرنسپل پروفیسرشمس العارفین خان،پروفیسر حبیب الرحمن چوہان ودیگر علماء کرام نے بزم ادب وفن محمد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میرپورخاص اورروٹری کلب ڈاکٹر سید علی محمد ٹاؤن کے زیر اہتمام کالج کے مسزسیدہ رضیہ علی محمد آڈیٹوریم میں 23ویں سالانہ میلاد مصطفی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے، محفل میلاد میں عمائدین شہر دیگر روٹری کلبوں کے علاوہ اساتذہ اور طلبہ وطالبات کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو عروج کا بلند ترین مقام عطاکر کے معراج کے اعلیٰ ترین منصب پر فائض کیا اور نہ صرف انسان کی معاشرتی ترقی کا عمل شروع کیا بلکہ دنیا وآخرت کے جملہ راز عیاں کر دیے، انہوں نے کہا کہ نہ صرف میڈیکل سائنسز کی تمام تحقیقات کا نچوڑا و رمعلومات کااول وآخر قرآن مجید ہے بلکہ نبی پاک ﷺ کی اولین سنت مقدسہ خود قران کریم ہے ۔ہم سب عہد کریں جس عظیم ہستی کا میلاد منانے کے لیے ہم یہاں جمع ہوئے ہیں ان کی تعلیمات کو اپنا کر تمام تر تعصبات ختم کرکے ایک جسم کی مانند رہیں گے۔