حیدرآبادکے ڈاکخانے بند کرنا عوام کیساتھ ظلم ہے،عقیل احمد خان

162

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی حیدرآباد ضلع کے امیر عقیل احمد خان نے حیدرآباد کے تمام چھوٹے ڈاک خانے بند کرنے کے احکامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے غریب عوام کے ساتھ تبدیلی سرکار کا ایک اور ظلم قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ڈاک نے یکم دسمبر سے صدر ڈاک خانہ اور تعلقہ ڈاک خانوں کے علاوہ ضلع بھر میں 30 سے زاید چھوٹے ڈاک خانے بند کرنے کا حکم جاری کیا ہے جس سے ہزاروں افراد کو دور کا سفر کرنا پڑے گا جبکہ صدر ڈاکخانے و تعلقوں ڈاک خانوں میں عوام کی لمبی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملتی ہیں چھوٹے ڈاک خانے بند کرنے سے صورتحال مزید خراب ہوجائے گی ۔ عقیل احمد خان نے کہاکہ ڈاکخانے رفاہ عام کا ادارہ ہوتا ہے لیکن اسے کاروباری بنانا فلاحی ریاست کے قیام کے دعویداروں کے ایک اور فریب کا ثبوت ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزارت ڈاک مذکورہ فیصلہ واپس لے ورنہ عوام احتجاج کریں گے۔