آل کراچی ریذیڈنٹ کمیٹی کی جانب سے فائنل کی فاتح ٹیم کو 5لاکھ روپے کا انعام

389
آل کراچی ریذیڈنٹ کمیٹی کی جانب سے کرکٹ میچ کی فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے ہمراہ مہمان خصوصی کا گروپ فوٹو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل کراچی ریذیڈنٹ کمیٹی کی جانب سے کراچی کے نوجوانوں کیلئے کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس کا عظیم الشان فائنل میچ اصغر علی شاہ اسٹیڈیم، نارتھ ناظم آباد میں کھیلا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈی جی رینجرز سندھ سید افتخار حسن چوہدری، پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی عمران علی شاہ، سیکٹر کمانڈر سچل ونگ بریگیڈیئر الطاف احمد، آل کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین خواجہ جمال سیٹھی اور دیگر عمائدین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور کراچی کی رونقیں بحال کرنے کی کوشش کو سراہا۔ ٹورنامنٹ میں 128 ٹیموں میں 1536 لڑکوں نے حصہ لیا اور کل 127 میچ کھیلے گئے جبکہ واصف اسپورٹس نے پہلی، عمران سی سی نے دوسری اور سپریم 11 نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ جیتنے والی ٹیموں واصف اسپورٹس کو 5 لاکھ، عمران سی سی کو 2.5 لاکھ جبکہ سپریم 11 کو 1 لاکھ جبکہ دیگر ٹیموں کے کھلاڑیوں اور منتظمین کو شیلڈز پیش کی گئیں۔ چیئرمین آل کراچی ریذیڈنٹ کمیٹی فرحان عباس نے اس موقع پر کہا کہ کراچی ہمارا شہر ہے اور اس کے شہریوں کو مسائل کے حل کیلئے ایک غیر سیاسی پلیٹ فارم پر متحد کر رہے ہیں۔ تعلیم، صحت اور کھیل ہمارا منشور ہے تاکہ ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھ سکیں۔