آرٹس کونسل میں معذور افراد کی دستکاریوں پر مبنی نمائش

153

کراچی (پ ر ) معذور افراد کی دستکاریوں پر مبنی نمائش کا اہتمام آرٹس کونسل کراچی جون ایلیا لان میں کیا گیا، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور دی ورلڈ آف آرٹ تنظیم کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ پروگرام میں کراچی کے مختلف خصوصی اسکولز اور خصوصی افراد کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے اور معذور افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، تقریب میں خصوصی افراد کے دست ِ ہنر پر مبنی مختلف آرائشی اشیاء کے اسٹالز شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے رہے ،اس موقع پر مختلف مقابلوں کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں مصوری ،ظروف سازی اور دیگر دستکاریوں کے مقابلے شامل تھے، دی ورلڈ آف آرٹ کی روح رواں علیزہ منیم قاضی نے آرٹس کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صدر آرٹس کونسل محمداحمد شاہ نے اس پروگرام کے انعقاد میں ہمارا بھرپور ساتھ دیا ہے ،انہوں نے کہا کہ 3دسمبر کو دنیا بھر میں معذور افراد کا دن منایا جاتا ہے ، اسی مناسبت سے اس پروگرام کے انعقاد کا مقصد اس بات کا اجاگر کرنا ہے کہ خصوصی افراد کو اللہ پاک نے خصوصی صلاحیتوں سے نوازاہے ، ضرورت صرف ایسے ہنر مند خصوصی افراد کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنے کی ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاسکیں۔