مریم نواز اپنی آڈیو پر قوم سے معافی مانگیں، فرخ حبیب

83

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ن لیگ جعلی وڈیو اور آڈیو کی ماسٹر ہے، مریم صفدر اپنی آڈیو پر قوم سے معافی مانگیں، سب نے دیکھ لیا کہ فاشسٹ ن لیگی حکومت اپنے دور میں کس طرح میڈیا کا گلا گھونٹی تھی، آج کس منہ سے
آزادی صحافت کی بات کرتے ہیں، بہت جلد پیٹرولیم پر عوام کو ریلیف دیا جائے گا، نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، احساس پروگرام کے تحت گزشتہ 2 سال میں ڈیڑھ لاکھ مستحق طلبہ کو اسکالر شپ دی، رواں سال 50 ہزار طلبہ کو اسکالر شپ دیں گے۔ گزشتہ روز ہیلے کالج آف کامرس میں دوسری سالانہ بزنس اینڈ کامرس کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ ہمار ے 22 کروڑ عوام میں 60 فیصد آبادی نوجوانوں کی ہے ،یہ ہمارے ملک کا اثاثہ ہیں اور ان پر ہم نے سرمایہ کاری کرنی ہے، ہم نے ماہرین تعلیم اور صنعتکاروں کو ایک دوسرے کے قریب لے کر آنا ہے۔ کامیاب نوجوان پروگرام کے ذریعے 25 ہزار نوجوانوں کو کاروبار کیلیے 30 ارب روپے فراہم کرچکے، موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت پاکستانی مصنوعات کی مجموعی برآمدات 25 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ آئی ٹی ایکسپورٹ پچھلے سال 2 ارب ڈالر تھی اور رواں سال 3 ارب ڈالر کو کراس کریں ۔