جماعت اسلامی کے سابق یوسی ناظم عابد الیاس کے قاتل کو 2 بار سزائے موت

333

 

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کے کوآرڈی نیٹر، جماعت اسلامی کے رہنما و یوسی ناظم زین العابدین عرف عابد الیاس کے قتل کے جرم میں سیاسی کارکن دانش رحمانی کو 2 بار سزائے موت سنا دی۔
کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 2 نے سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کے کوآرڈی نیٹر، لیاقت آباد ٹاؤن یوسی 10 کے ناظم اور جماعت اسلامی کے کارکن زین العابدین عرف عابد الیاس کے قتل کا فیصلہ سنادیا، جس میں استغاثہ جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا۔عدالت نے سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے مجرم دانش رحمانی کو 2 مرتبہ سزائے موت کا حکم دے دیا۔ مجرم کو قتل اور دہشت گردی کی دفعات میں الگ الگ سزائے موت دی گئی۔ عدالت نے غیر قانونی اسلحے کے مقدمے میں دانش رحمانی کو 7 سال قید اور 50 ہزار جرمانے کی سزا بھی سنائی ہے۔عدالتی ذرائع کے مطابق دانش ضمانت پر رہا تھا لیکن فیصلے کے بعد اسے کمرہ عدالت سے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا۔ پولیس کے مطابق دانش نے 2013ء میں لیاقت آباد ٹاؤن کی یوسی 10 کے ناظم زین العابدین عرف عابد الیاس کو قتل کیا تھا۔لیاقت آباد تھانے کی حدود سے ملزم کو غیر قانونی اسلحے کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ تفتیش کے دوران ملزم نے مقتول زین العابدین عرف عابد الیاس کے قتل کا اعتراف کیا تھا۔