کرونا کی نئی قسم: سعودی عرب نے مختلف ممالک پر سفری پابندی لگادی

547

ریاض: افریقی ممالک میں کورونا وائرس کی نئی قسم ‘اومی کرون’ کے سامنے آنے کے بعد سعودی عرب نے مزید 7 ممالک سے پروازیں معطل کردی ہیں۔

سعودی وزارت داخلہ نے کورونا وائرس کی نئی قسم کے باعث مالاوی، زامبیا، مڈغاسکر، انگولا، سیشیلز، موریشس اور کوموروس سے بھی پروازیں آنے جانے پر پابندی لگا دی۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ ممالک سے بالواسطہ یا بلا واسطہ سعودی عرب داخلے پر پابندی ہوگی سوائے اس کے وہاں سے آنے والا مسافر کسی تیسرے ملک میں 14 دن گزار لے۔

ایسے ممالک میں رہنے والے افراد کو سعودی عرب آنے سے قبل کسی دوسرے ملک میں قیام کرنا ہوگا۔ قبل ازیں سعودی حکام دیگر افریقی ممالک پر پابندی عائد کرچکے ہیں۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقا میں کورونا کی نئی قسم کی لہر پھیلنے کے خدشات کے باعث دنیا بھر میں افریقی ممالک پر ‏پابندیاں عائد کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان نے بھی کئی افریقی ممالک سے آنے والے مسافروں پر پابندی لگادی ہے۔