چٹاکانگ ٹیسٹ: قومی ٹیم پہلی اننگز میں 286 رنز بناکر آؤٹ، بنگلہ دیش کو 44 رنز کی برتری حاصل

339

چٹاکانگ: پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین جاری پہلۓ ٹیسٹ کے تیسرے روز بنگلا دیش کے 330 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 286 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

چٹانگ کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں جاری میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو عابد علی 93 اور عبداللہ شفیق 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ تاہم کھیل کے پہلے ہی اوور میں تاج الاسلام نے پہلے عبداللہ شفیق کو ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر اگلی ہی گیند پر اظہر علی کو بھی گولڈن ڈک پر پویلین کی راہ دکھا دی۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی 10 رنز بنا کر مہدی حسن مرزا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

دوسری جانب عابد علی نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی سنچری مکمل کی، تاہم دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، عابد علی 133 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فواد عالم 8 اور محمد رضوان 5 رنز بنا سکے جبکہ حسن علی بھی 12 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے۔ فہیم اشرف نے 38 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاہین شاہ آفریدی 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلا دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو وکٹیں عبادت حسین اور ایک مہدی حسن مرزا کے حصے میں آئی۔

قبل ازیں بنلگہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 330 رنز اسکور کیے تھے، بنگلا دیش کی جانب سے لٹن داس نے سنچری اسکور کی تھی جبکہ مشفیق الرحیم نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے تھے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جبکہ دو دو وکٹیں شاہین آفریدی اور فہیم اشرف کے حصے میں آئی تھیں۔