ملک میں صرف عمران خان لیڈر ان کے علاوہ باقی بونے ہیں، فواد چوہدری

190

جہلم: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ملک میں عمران خان کے علاوہ کوئی لیڈرنہیں، ان کےعلاوہ باقی بونے ہیں۔

جہلم میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ن لیگ لوگوں کو لالچ دیکر الیکشن لڑتی ہے، اور ووٹ کوعزت دو کا نعرہ لگاتی ہے، کیا ووٹ کو 2،2 ہزارمیں خریدنا اس کی عزت ہے؟، پیپلزپارٹی اور نون لیگ کو ای وی ایم سے گھبراہٹ ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی بس کی بات نہیں، ای وی ایم سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی گھبرا جاتی ہے، مریم نواز نے کہا میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں، بعد میں پتہ چلا مریم نوازکی لندن میں بھی اربوں روپے کی پراپرٹی ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ویڈیو اور لیکس کا مقصد بلیک میلنگ ہوتا ہے، ویڈیوز پہلے آجاتی ہیں بعد میں پتہ چلتا ہے کہ جعلی ہے، آپ کے کرتوتوں کی وجہ سے آج پاکستان مشکلات کا شکارہے، شریف خاندان لندن میں جائیدادوں کی رسیدیں دے، اس کے علاوہ ان  کے پاس اور کوئی آپشن نہیں، جعلی ویڈیو کے ذریعے اداروں کو بلیک میل نہیں کیا جاسکتا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں عمران خان کے علاوہ کوئی لیڈرنہیں، ان کے علاوہ باقی سب بونے ہیں، وزیراعظم کی آواز پورے ملک میں جاتی ہے اور پورے ملک میں ان کا ووٹ بینک ہے، تحریک انصاف واحد قومی اور وفاقی پارٹی ہے جس نے پاکستان کو متحد رکھا ہوا ہے، وفاقی قیادت اور وفاقی پارٹی پاکستان کے لیے ضروری ہے، اگلےانتخابات میں بھی عمران خان کاکوئی مقابلہ نہیں کرسکتا، پیپلزپارٹی زرداری اور بلاول کی پارٹی ہے، پیپلزپارٹی سندھ تک محدود ہے، پورے پاکستان میں اگر کوئی ٹکٹ دینے کے پوزیشن میں ہے تو وہ پی ٹی آئی ہے۔