مڈ وائف طالبات کو 8ماہ سے وظیفہ نہ ملنا ظلم کی انتہا ہے‘ ممتاز سہتو

147

کر اچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر ممتاز حسین سہتو نے خیرپور میڈیکل کالج سول اسپتال کی کمیونٹی مڈوائف طالبات کو8 ماہ سے وظیفہ نہ ملنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبات کو اپنے حق سے محروم کرنا ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی نااہلی اور کرپشن کی کھلی دلیل ہے،جس طر ح سندھ کے اندر ہر فرد ظلم کا شکار ہے اسی طرح طالبات اور طلبہ بھی متاثر ہیں، ایک طرف تعلیمی اداروں میں فیسوں کی بھرمار نے غریب اور مزدور کے بچوں کے لیے تعلیم کے دروازے بند کردیے ہیں تو دوسری جانب اگر کہیں وظیفے کا اعلان کرتے ہیں تو وہ بھی کاغذوں کی زینت ہوتا ہے جس کی تازہ مثال سول اسپتال خیرپور میں زیرتربیت سی ایم ڈبلیو طالبات کو وظائف کا نہ ملنا ہے۔ جماعت اسلامی سندھ کے رہنما نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ذمے داران کے خلاف کارروائی کی جائے اور طالبات کو 8 ماہ کا وظیفہ فی مہینہ 5 ہزار فی الفور ادا کیا جائے اور طالبات اور ان کے والدین کو جو سخت پریشانی کا سامنا ہے اس سے نجات دلائی جائے، بصورت دیگر جماعت اسلامی دیگر سیاسی، سماجی اور سول سوسائٹی کے ساتھ ملکر بھرپور احتجاج کرے گی۔