گستاخانہ تصاویر کی اشاعت ، ترکی کی وضاحت

591
شام: شہری مظاہرہ کررہے ہیں‘ کتابوں کو آگ لگادی گئی ہے

شمالی شام میں ترکی کی جانب سے تقسیم کی گئی کتابوں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ کی سیرت کے ساتھ تصاویرکی اشاعت کو شامی شہریوں نے مسترد کردیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق شمالی شام میں ترکی جانب سے تربیت اور دینیات کی کتب تقسیم کی گئی ہیں، جن میں غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے مختلف پہلوؤں کو تصاویر کے ذریعے پیش کیا گیا ہے، جس پر شامی عوام مشتعل ہوگئے اور انہوں نے ان کتابوں کو آگ لگا دی۔ شامی عوام نے اسے توہین رسالت سے تعبیر کرتے ہوئے مسترد کردیا۔ شام کے سرحدی شہر الباب میں جمعہ کے روز اس پر احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے اس گستاخی کے ذمے داروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اس حوالے سے آپریشن فرات کی ڈھال کے تحت بشارالاسد کی فوج سے آزاد کرائے گئے شمالی علاقوں میں شدید کشیدگی پائی جارہی ہے۔ ان علاقوں میںقائم ترکی کی حلیف عبوری حکومت کی وزارت تربیت اور مظاہرین کے درمیان تناؤ کی کیفیت رہی۔ دوسری جانب جنوبی سرحدی صوبے غازی عنتاب کی حکومت نے اس حوالے سے باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے اس معاملے کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دینی تربیت سے متعلق کتاب کے مندرجات میں ناقابل قبول مواد کی نشان دہی کرلی گئی ہے۔ یہ کتاب ایک فلاحی تنظیم کی مالی معاونت سے ایک طباعتی ادارے نے چھاپ کر تقسیم کی ہے۔ طباعتی ادارے نے اس معاملے پر معافی مانگ لی ہے اور وضاحت دی ہے کہ یہ سب غلطی سے ہوا۔ تاہم اس کے باوجود معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائے گی۔ ترکی کی جانب سے وضاحتی بیان کے باوجود مقامی لوگ مشتعل ہیں۔