نیوی کی کھیلوں کیلیے خدمات قابل قدرہیں،فہمیدہ مرزا

676

اسلام آباد(جسارت نیوز)وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل زاہد الیاس نے جمعہ کووزارت بین الصوبائی رابطہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ بھی شریک تھے۔ملاقات میں وائس ایڈمرل زاہد الیاس نے پاکستان نیوی کی طرف سے ملک میں خصوصا سندھ اور بلوچستان میں مختلف کھیلوں کے فروغ کے لیے اٹھا ئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔وائس ایڈمرل زاہد الیاس نے پاکستان میں واٹر اسپورٹس سیلنگ، پیراسیلنگ ، رافٹنگ کے فروغ کے لیے پاکستان نیوی کی کوششوں سے آگاہ کیا ۔ وائس ایڈمرل زاہد الیاس نے پاکستان نیوی کے زیر نگرانی مختلف تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے حوالے سے سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔وفاقی وزیربرائے بین الصوبائی رابطہ نے کھیلوں کے فروغ میں پاکستان نیوی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں واٹرا سپورٹس کے شعبے میں بہت صلاحیت ہے اور اس طرف خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے تا کہ اس شعبے کو مزید فروغ دیا جا سکے ۔وفاقی وزیر نے سندھ کی ساحلی پٹی پر آباد علاقوں میں کھیلوں کے لیے خصوصی اقدامات پر زور دیا اور اس سلسلے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد کھیلوں کے حوالے سے بیشتر وسائل صوبوں کو منتقل کیے گئے ہیں اس لیے صوبوں کو کھیلوںکے فروغ کے لیے تعاون کرنا چاہیے ۔وفاقی وزیر نے نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے پاکستان نیوی کے تعلیمی اداروں میں خدمات کی تعریف کی۔