جھڈو، گندم کی کاشت متاثر ،آباد گاروں کا احتجاج

238

جھڈو (نمائندہ جسارت) ٹیل کے علاقوں میں زرعی پانی کی شدیدقلت اور ربیع سیزن کی فصل گندم کی کاشت متاثر ہونے کے خلاف آبادگاروں کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری رہا، کاشتکاروں نے جھڈو میرپورخاص مین شاہراہ پر دھرنا دیا اور آبپاشی کے اہلکاروں کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ کاشتکاروں کے دھرنے سے جھڈو کا تھرپارکربدین اور عمر کوٹ کے اضلاع سے رابطہ منقطع ہے جس کے باعث مسافر گاڑیوں کی آمدورفت بھی معطل ہے۔ آبپاشی اور اعلیٰ انتظامی حکام نے مظاہرین کے رہنماؤںسے تاحال رابطہ نہیں کیا ہے۔ تاہم کاشتکاروں کا کہناہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔ کاشتکار رہنمائوں جلیل انڑ، ایاز کھوسو، سمانو خاصخیلی سمیت دیگر رہنماوں کا کہنا ہے کہ گندم کی کاشت کے وقت نہروں کی وارہ بندی کرکے فصلوں کے لیے پانی کی فراہمی بندکرنا ناانصافی ہے۔ جمڑاوکینال کی بگ مائنر اور سلور ڈسٹری میں فوری پانی مہیا کیاجائے اور ایس ڈی او آبپاشی کو معطل کیاجائے۔