قنبر علی خان، شہریوں کو تجاوزات اور بد ترین ٹریفک جام کا سامنا

217

 

 

قنبر علی خان(نمائندہ جسارت) ضلع قنبر شہدادکوٹ میں ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر ضلع قنبر شہدادکوٹ جاوید نبی کھوسونے کی ۔اجلاس میں آل اسسٹنٹ کمشنرز ، ٹریفک پولیس اور میونسپل افسران سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی سی جاوید نبی کھوسو نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہر میں ناجائز تجاوزات کا فوری طور پر خا تمہ عمل میں لایا جائے، سرکاری دفاتر ، اسکولوں اسپتالوں ،پارک ، عام پبلک مقامات اور سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی کرنا سختی سے منع ہے ایسے مقامات کے سامنے گاڑیوں کو پارک کرنے سے گریز کیا جائے بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔انہوںنے کہاکہ شہروں میں آئے روز بڑھتے ہوئے ٹریفک جام کے مسئلے کوفوری طور پر حل کیا جائے تاکہ راہگیروں اور مریضوں سمیت عوام کو کسی بھی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور اس حوالے سے افسران ہر ممکن کوشش کرکے ٹریفک جام سمیت دوسرے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوںنے کہاکہ ٹریفک پولیس سڑکوں پر دوڑتی ہوئی گاڑیوں کے نظام کو بحال رکھنے کیلیے اپنے قوانین کے تحت چالان اور جرمانے تو کرتی ہے لیکن عوام کو ٹریفک قوانین کے حوالے سے آگاہی میں کمی اس مسئلے کا اہم سبب ہے جس کی وجہ سے ٹریفک مسائل میں بے پناہ اضافہ ہوتا جارہاہے جن میں غلط پارکنگ ، ون وہیلنگ ، قومی شاہراہوںپر بنا ہیلمٹ کے موٹر سائیکل اور بنا سیٹ بیلٹ پہنے کار چلانااور ڈرائیورنگ کے دوران موبائل فون کا استعمال ، گاڑیوں اور موٹر سائیکل چلانے کی مناسب سمجھ بوجھ اور سڑک پر دوسرے افراد کے حقوق کے متعلق کم علمی سے روزبروز حادثات کا ہونا معمول بن چکاہے جس سے لوگ اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں ان غیر قانونی ٹریفک قوانین نے سب کو پریشان کررکھا ہے جہاں یہ ماحولیاتی اور صوتی آلودگی کا اہم سبب ہے تو دوسری جانب سڑکوں پر بے ہنگم انداز سے دوڑتی ٹریفک منٹوں کے سفر کو گھنٹوں میں تبدیل کردیتی ہے۔ اس سلسلے میں ا فسران فوری طور پر ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بناکر ڈی سی آفس کو رپورٹ کریں جس میں کسی بھی کوتاہی اور غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔