جے آئی یوتھ کا دھرنا حقوق نوجوانانِ پاکستان تحریک کا آغاز ہو گا

405

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر ، جنرل سیکرٹری راشدمحمود، نائب صدرومحمد فاروق، ملک اسامہ نذیر،محمداکبر انصاری، رانایونس، چودھری فاروق باجوہ،اسراراحمد،طلحہ شہادت گجر، محمدآصف عطا ، وقاص مجید،حافظ نویداعوان، فاروق احمدچٹھہ اور فاروق موسی ودیگرنے کہا ہے کہ جے آئی یوتھ کا لانگ مارچ کل مورخہ 28 نومبربروزاتوارسہ پہرایک بجے اسلام آباد کے ڈی چوک میں دھرنا دے گا، جے آئی یوتھ کا دھرنا حقوق نوجوانانِ پاکستان تحریک کا آغاز ہو گا۔ ملک بھر کی طرح فیصل آبادسے بھی ہزاروں پڑھے لکھے بے روزگارنوجوان دھرنے میں شرکت کر رہے ہیں۔ جس کی بھرپورتیاریاں کرلیں گیں ہیں۔چودھری عمرفاروق گجرنے کہاکہ مارچ کے شرکا وزیراعظم سے ایک کروڑ نوکریاں طلب کریں گے اور انہیں ان کا وعدہ یاد دلایا جائے گا۔دھرنے کے شرکا سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق خطاب کریں گے اور آئندہ لائحہ عمل دیں گے۔نوجوانوں کے دھرنے سے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، جے آئی یوتھ پاکستان کے صدر زبیر گوندل اور دیگرقائدین بھی خطاب کریں گے۔انہوں نے کہاکہ بے روزگاری کے طوفان نے ملک کے لاکھوں نوجوانوں کو مایوس اور بددل کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے گزشتہ 3 سال میں یوتھ کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے ایک قدم بھی نہیں اٹھایا۔ ملک بھر کے طلبہ و طالبات اسٹوڈنٹس یونین کی بحالی کے مطالبات کر رہے ہیں جبکہ لاکھوں نوجوان ڈگریاں اٹھائے نوکریوں کی تلاش میں دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کو سہانے خواب دکھائے اور جھوٹ بولا۔ جماعت اسلامی ملک بھر کے نوجوانوں کو منظم کر رہی ہے۔