محسن پاکستان نے دفاع وطن کو نا قا بل تسخیر بنایا ، شوریٰ ہمدرد

302

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ہمدرد کارپوریٹ ہیڈ آفس میں منعقدہ شوریٰ ہمدرد کراچی کے ماہانہ اجلاس بعنوان‘‘بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا’’ میں اراکین نے پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام کے بانی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو قومی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس کی صدارت اسپیکر شوریٰ ہمدرد کراچی جسٹس ریٹائرڈ حاذق الخیری نے کی۔ صدرہمدرد فائونڈیشن سعدیہ راشد نے بھی اجلاس کی کارروائی میں شرکت کی۔جسٹس (ر) حاذق الخیری نے اجلاس کے آغاز میں کہا کہ ملک کے ایٹمی اور میزائل پروگرام کے بانی ، ڈاکٹر عبدالقدیر خان ایک ثابت قدم ، ایمان دار اور مخلص انسان تھے جس کی قومی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ اُن کا انتقال پوری قوم کے لیے عظیم نقصان ہے ۔اجلاس سے مہمان مقرر سلطان احمد چاولہ، عبدالحسیب خان،مُسرت اکرم،ڈاکٹر رضوانہ انصاری،ڈاکٹر تنویر خالد،صفیہ ملک، ظفر اقبال، ابن الحسن رضوی،کرنل (ر) مختار احمد بٹ ،جسٹس (ر) ضیا پرویز،عثمان دموہی،امجد جعفری، اورپروفیسر ڈاکٹر شاہین حبیب نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین نے کہا کہ وہ غیر معمولی سائنسدان ہونے کے ساتھ ایک نظریاتی پاکستانی اور بہت نفیس انسان تھے ۔ ہمارے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں اُن کی گراں قدر خدمات ہیں۔ اُن کی حیات ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے ۔ اُنہوں نے اپنی زندگی پاکستان کو مضبوط اور باصلاحیت بنانے میں وقف کردی۔ انہوںنے کہا کہ ڈاکٹر خان نے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا ہے ۔ محسن پاکستان کی خدمات بھلائی نہیںجاسکتیں۔ ملک بھر کی جامعات میں ڈاکٹر قدیر کے نام کی چیئرز قائم کی جانی چاہییں۔