سینئر افسران کو اگلے گریڈ میں ترقی دینے کی ہدایت

208

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سینئر افسران کو اگلے گریڈ میں ترقی دینے کی ہدایت کی ہے۔سندھ ملک کا پہلا صوبہ ہے جس نے مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس (ایم سی ایم سی)اور سینئر مینجمنٹ کورس(ایس ایم سی)کی سطح اور معیار کے لازمی کورسز شروع کیے ہیں۔ ہمارے صوبائی ٹریننگ مینجمنٹ اینڈ ریسرچ (ٹی ایم آر)ونگ کے ذریعے وفاقی حکومت کے اداروں کی طرح ایک معیاری ادارہ قائم کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے صوبائی سروس کو مزید مضبوط کرنے اور صوبائی پولیس کیڈر بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ صوبائی حکومت کا پی اے ایس اور پی ایس پی افسران کی فراہمی کے لیے وفاقی حکومت پر انحصار کم کیا جا سکے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں ٹریننگ مینجمنٹ اینڈ ریسرچ (ٹی ایم آر)کے زیر اہتمام پہلے ایم سی ایم سی کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت برسوں سے سرکاری ملازمین کو پیشہ ورانہ ترقی اور فیصلہ سازی کی جدید فنی مہارت حاصل کرنے کے لیے مختلف تربیتی پروگراموں کے ذریعے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔