کراچی میں مہنگائی سے سب زیادہ ہے،سندھ حکومت نے ذخیرہ مافیا کیخلاف کارروائی نہیں کی،وزیراعظم

391

اسلام آباد(صباح نیوز+اے پی پی +آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی میں مہنگائی سب سے زیادہ ہے، سندھ حکومت نے ذخیرہ اندوز مافیا کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ جمعہ کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے آٹا اور یوریا کھاد کے بحران کا ذمے دار مافیا کو قرار دیا۔ اجلاس میں مریم نواز کی آڈیو ٹیپ پر بھی گفتگو ہوئی۔ عمران خان نے کہا کہ ہمیں فاشسٹ کہنے والے خود اس سے بھی بڑھ کر ہیں، ن لیگ نے میڈیا میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی، بتایا جائے کہ آخر مریم نواز کس حیثیت سے حکومتی میڈیا سیل چلا رہی تھیں؟یہ کہتے کہ ہم میڈیا پر پابندی لگا رہے جب کہ خود ان کا کچا چٹھا سب کے سامنے آگیا ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزارت اطلاعات نے اشتہارات سے متعلق بریفنگ دی اور کارروائی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔علاوہ ازیں وزیر اعظم کی زیر صدارت سندھ ترقیاتی پلان پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہواجس میں وفاقی وزرا ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، اسد عمر اور محمد حماد اظہر شریک ہوئے۔وزیر اعظم نے کہا کہ سندھ کے 14پسماندہ علاقوں کی ترقی ہمارا ہدف ہے۔وزیر اعظم کی متعلقہ محکموں کو حیدرآباد تا سکھر موٹروے اور بدین، گھوٹکی، تھر، میرپور خاص، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد اور سانگھڑ میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل، شفافیت اور معیاری کام کو یقینی بنایا جائے۔444ارب روپے کا سندھ ترقیاتی پلان 48 پی ایس ڈی پی منصوبوں، غیر پی ایس ڈی پی50 اور 7پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں پر مشتمل ہے۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کے مالی سال 22-2021 کے لیے اس پلان کے تحت 26 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔ 8 وفاقی وزارتوں اور محکموں کو 16.304ارب روپے کی منظوری بھی دی جاچکی ہے۔سندھ ترقیاتی پلان میں سڑکوں، موٹر وے، ہاوسنگ، آئی ٹی و ٹیلی کام، آبی وسائل، صحت، اعلی تعلیم، وکیشنل ٹریننگ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ریلوے، توانائی اور کھیلوں کی سہولیات کے منصوبے شامل ہیں۔مزید برآں میڈیارپورٹس کے مطابق اپوزیشن کی حکومت کو کمزور کرنے کی مہم کا توڑ کرنے اور تحریک انصاف کے کارکنان اور ممکنہ بلدیاتی امیدواروں کو بھرپور طریقہ سے فعال کرنے کے لیے وزیر اعظم نے ’’عوامی رابطہ مہم‘‘ شروع کر کے خود میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا۔ عمران خان اس فیصلے کے تحت آئندہ چند ہفتوں میں پنجاب میں 2 جبکہ دیگر صوبوں میں ایک، ایک بڑے جلسوں سے خطاب کرکے پارٹی پاور شو کریں گے۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے اپنے وزرائے اعلیٰ سمیت وفاقی وصوبائی وزراء کے تمام تر تحفظات اور مشوروں کو ویٹو کیا اور انہیں انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور کے لارڈ میئر کے لیے موجودہ وفاقی وزیر توانائی میاں حماد اظہر کو گرین سگنل دے دیا گیا ہے۔ لاہور کے لارڈ میئر کے براہ راست الیکشن کے لیے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر سب سے مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں کیونکہ ان کے والد میاں اظہر سابق گورنر اور سابق لارڈ میئر لاہور رہ چکے ہیں جبکہ لاہور کی آرائیں برادری سمیت دیگر برادریاں ان کا ساتھ دیں گی ، اس کے علاوہ حماد اظہر نوجوان انصافین ہیں اور ان پر اب تک کرپشن کا کوئی الزام بھی نہیں لگا۔ذرائع نے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پی ٹی آئی کے وزرائے اعلیٰ اور گورنرز سمیت وفاقی و صوبائی وزراء نے وزیر اعظم کو اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کی تھی کہ اس وقت مہنگائی کی صورتحال کے سبب عوامی رائے حکومت کے حق میں نہیں ہے لہٰذا الیکشن مؤخر کر دیا جائے لیکن وزیر اعظم نے معاملہ اپنے ہاتھ میں لیتے ہوئے ہدایت دیا کہ الیکشن بہر صورت ہو گا جبکہ اس سلسلے میں موزوں بلدیاتی امیدواروں کی تلاش کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔قبل ازیںوزیراعظم عمران خان کو ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے ٹیلی فون کیا اور دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ازبک صدر نے وزیراعظم کی طرف سے پاکستان کے دورے کی دعوت کو قبول کر لی جس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں موجودہ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔