منصور قاضی نے سینئر ڈائریکٹر کراچی چڑیا گھرکا چارج سنبھال لیا

554

کراچی: بلدیہ عظمیٰ کراچی کے آفیسر منصور قاضی نے سینئر ڈائریکٹر کراچی چڑیا گھر اور سفاری پارک کی حیثیت سے جمعہ کے روز اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔

تفصیلات کے مطابق  کراچی چڑیا گھر سے سابق ڈائریکٹر چڑیا گھر خالد ہاشمی کو گزشتہ روز معطل کرکے حکومت سندھ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، سینئر ڈائریکٹر منصور قاضی نے چارج سنبھالنے کے بعد کراچی چڑیا گھر کا تفصیلی دورہ کیا۔

منصور قاضی نے جانوروں اور پرندوں کو دی جانے والی خوراک کے انتظامات کا جائزہ لیا اور عملے کو ہدایت کی کہ کراچی چڑیا گھر میں موجود جانوروں کی صحت اور ان کو دی جانے والی خوراک اور صحت اور صفائی سے متعلق کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

 انہوں نے کہا کہ کراچی چڑیا گھر میں داخلہ فیس اور پارکنگ کی مد میں لی جانے والی فیس سے متعلق بھی کوئی شکایت اگر موصول ہوئی تو اس عملے کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور شہریوں سے اضافی فیس وصول کرنے پر عملے کو معطل کئے جانے کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

 انہوں نے کہا کہ شہریوں سے مقررہ فیس کے علاوہ پیسے وصول کرنا غیرقانونی ہے اور ایسے ملازمین کو کراچی چڑیا گھر میں کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، جلد ہی کراچی چڑیا گھر میں نئے جانوروں اور پرندوں کا اضافہ کیا جائے گا اور شہریوں کی تفریح و طبع کے لئے مختلف ثقافتی پروگرام کا بھی انعقاد کیاجائے گا۔