کاروبار، حصص میں دو دن میں انڈیکس 927 پوائنٹس گھٹ گیا

200

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مسلسل چوتھے روزبھی کاروبار حصص مندی کی زد میں رہااورکے ایس ای100انڈیکس مزید427پوائنٹس گھٹ گیا اس طرح دوروز کے دوران انڈیکس927پوائنٹس تک گھٹ گیا, جمعرات کو مندی کی وجہ سے 44300، 44200، 44100 ،44000 اور 39900پوائنٹس کی 5 نفسیاتی حدیں گر گئیں۔ آئی ایم ایف کی جانب سے اسٹیٹ بینک سے مستقل طور پر قرض لینے کی حکومت کی تجویز کو مسترد کرنے اوربڑھتی ہوئی غیر یقینی اور پیٹرولیم سیکٹر کی جانب سے ہونے والی ہڑتال نے مارکیٹ پر منفی اثرات مرتب کئے ہوئے ہیں جبکہ شرح سود میں اضافے کے اثرات سے بھی سرمایہ کار ابھی تک باہر نہیں نکل پائے ہیں اور نئی سرمایہ کاری سے گریز کرتے دکھائی دیتے ہیں۔سرمایہ کاروں کی دلچسپی کم ہونے کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ گزشتہ روز کی نسبت کاروباری حجم ساڑھے11کروڑ شیئرز کم رہا۔جمعرات کو اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا اورایک موقع پر 100انڈیکس 150پوانٹس کی تیزی سے 44513پوائنتس تک بھی پہنچا لیکن بعد ازاں سرمایہ کاروں نے منافع کے حصول کی خاطر شیئرز کی فروخت کے سبب مارکیٹ مندی کا شکار ہوگئی اورکاروباری مندی کا سلسلہ مارکیٹ کے اختتام تک جاری رہا۔ جمعرات کو ہونے والی کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کو53ارب روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ جمعرات کو کاروبارکی ابتداء مثبت انداز سے ہونے کے باوجود مارکیٹ زیادہ تر وقت مندی کی لپیٹ میں رہی ۔ کے ایس ای100انڈیکس میں427.95پوائنٹس کی کمی سے 43935.75پوائنٹس ہو گیا۔کے ایس ای 30انڈیکس 184.74پوائنٹس کی کمی سے 16939.28پوائنٹس پر آگیا ، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس213.48پوائنٹس کم ہو کر 30249.34پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس688.96پوائنٹس کے خسارے سے 70668.21پوائنٹس پر بند ہوا ۔