گال ٹیسٹ سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو 187 رنز سے ہرادیا

265
گال: ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی کے بعد سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ایک دوسرے کو مبارک باد پیش کر رہے ہیں

گال(جسارت نیوز):سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 187 رنز سے شکست دے کر 2 میچوں کی سیریز میں1-0 کی برتری حاصل کرلی۔لیستھ ایمبولڈینیا اور رمیش مینڈس نے دوسری اننگز میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ دوسری اننگز میں سری لنکا کی طرف سے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے لیستھ ایمبولڈینیا نے5 اور رمیش مینڈس 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ سری لنکن ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز دیموتھ کرونارتنیکو عمدہ بیٹنگ کامظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔جمعرات کو گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے5ویں اور آخری روز ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری ادھوری اننگز 52 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو نکرومہ بونر18 اور جوشوا ڈی سلوا 15 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔ جشواڈی سلوا نے تھوڑی مزاحمت کی اور اپنی نصف سنچری اسکور کر لی ،تاہم وہ 54 رنز بنانے کے بعد لیستھ ایمبولڈینیا کی گیند پر ڈی سلوا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ راحیم کارن وال ویسٹ انڈیز کے 8ویںآئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 13 رنز بناکر پروین جے وکرما کی گیند پر سرنگا لکمل کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ جومل واریکن 9ویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو رمیش مینڈس کی گیند پر اوشادا فرنینڈو کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ شینن گیبریل ویسٹ انڈیز کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو لیستھ ایمبولڈینیا کی گیند پر دھننجایا ڈی سلوا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ نکرومہ بونر 68 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ سری لنکا کی ٹیم کی طرف سے ملنے والے 348 رنز کے ہدف کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 160 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور سری لنکن ٹیم نے کالی آندھی کو 187 رنز سے شکست دے کر2 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔