صحافت پر میڈیا کے سیٹھوں کا کنٹرول ہے،فواد چودھری

303

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہماری صحافت پر بنیادی طور پر میڈیا کے سیٹھوں کا کنٹرول ہے، بڑے گروپس نے کل اشتہارات کا ڈیٹا چھاپنے کی جرأت تک نہیں کی۔گزشتہ روزایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ میڈیا کی آزادی کے نام پر بلیک میلنگ کے قلعے تعمیر ہو گئے ہیں جنہیں مسمار کرنا پاکستان کے لیے لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اصلاحات کے ایجنڈے میں میڈیا کا احتساب لازمی ہونا چاہیے ۔علاوہ ازیںوزارت اطلاعات و نشریات نے (ن)لیگ کی رہنما مریم نواز کے میڈیا سیل چلانے کے حوالے سے انکشافات اور میڈیا سیل کے ذریعے قومی خزانے سے خطیر رقم خرچ کرنے، من پسند صحافیوں اور مختلف میڈیا گروپس کو نوازنے سے متعلق معاملات کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کر دی ۔ گزشتہ روزجاری ایک بیان کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی (ن) لیگ کے دور حکومت میں میڈیا کو جاری کیے جانے والے اشتہارات میں بے ضابطگیوں اور میڈیا سیل کے ذریعے من پسند صحافیوں اور مختلف میڈیا گروپس کو نوازنے سے متعلق رپورٹ مرتب کرے گی۔ مریم نواز کی سرپرستی میں قائم میڈیا سیل کے ذریعے قومی خزانے سے وفاقی حکومت کے9 ارب62کروڑ 54لاکھ3ہزار902روپے خرچ کیے گئے۔مذکورہ میڈیا سیل سے پنجاب میں ایڈورٹائزمنٹ کو کنٹرول کرنے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔ تحقیقاتی کمیٹی میڈیا سیل کے ذریعے سرکاری رقم کے غیر قانونی استعمال کے معاملات کی تحقیقات کر کے رپورٹ مرتب کرے گی۔