کچھ لوگ سیاست میں نیب کی وجہ سے زندہ ہیں،جاوید قبال

243

لاہور (نمائندہ جسارت) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب حکومت کے خلاف ایکشن نہیں لیتا یہ الزام لگانے والے آج درخواست دیں 48 گھنٹے میں ایکشن لوں گا، کوئی مقدس گائے نہیں جو کرے گا وہ بھرے گا۔کرپشن نے ملک کو برباد کردیا۔نیب نے جو جنگ شروع کی وہ جاری رہے گی، کچھ لوگ سیاست میں خود کو نیب کی بنیاد پر زندہ رکھے ہیں، ان کی صبح نیب سے شروع اور شام نیب پر ختم ہوتی ہے۔لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ کرپشن نے ملک کو برباد کردیا، پاکستان میں لوٹی ہوئی دولت واپس دلانا بہت مشکل کام ہے، عوام کو چاہیے کہ سرمایہ کاری سے پہلے ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی تحقیق کرلیاکریں۔ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ چند ہفتے قبل چائے کی پیالی میں طوفان اٹھا کہ نیب کی ریکوری کے پیسے کہاں جاتے ہیں، ریکوری کرنسی کی شکل میں نہیں ہوتی کہ آئیں آپ کو بلا کر کہیں بیٹھ کر نوٹ گنتے ہیں، نیب نے ڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ ریکوری کے ایک ایک پیسے کا حساب رکھاہواہے، اربوں روپے کی زمینوں کا قبضہ چھڑایا گیا، گندم ریکور کی گئی، گوادرسے کھربوں روپے کی زمین ریکورکرائی، چائے کی پیالی میں طوفان لانیوالے مقصدمیں کامیاب نہیں ہوسکے۔چیئرمین نیب جاویداقبال نے کہا کہ کچھ لوگ سیاست میں اپنے آپ کو نیب کی بنیاد پر زندہ رکھنا چاہتے ہیں، اور وہ نیب کی بنیاد پر زندہ ہیں، ان کی صبح نیب سے شروع اور شام نیب پر ختم ہوتی ہے، نیب کو متنازع بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، کیونکہ ہم نے ان سے پوچھا کہ آپ نے اربوں کھربوں کی منی لانڈرنگ کیوں کی، کچھ لوگ خواب میں بھی نہیں سوچ سکتے تھے کہ ان سے بلاکر منی ٹریل مانگی جائے گی کہ پاپڑ والا، گنڈیری والا اتنے امیر کیسے ہوگئے۔جاوید اقبال نے مزید کہا کہ نیب کو حکومت کا حامی کہنا ظالمانہ تنقید ہے، نیب حکومت کے خلاف ایکشن نہیں لیتا یہ الزام لگانے والے بتائیں کہ انہوں نے ہمیں حکومت کے خلاف کتنی درخواستیں دیں، آج درخواست دیں 48 گھنٹے میں ایکشن لوں گا، کوئی مقدس گائے نہیں جو کرے گا وہ بھرے گا۔