ایٹمی تنصیبات اور پروگرام مکمل محفوظ ہے،پاکستان

232

اسلام آباد(آن لائن)ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ ہماری ایٹمی تنصیبات اور پروگرام مکمل طور پر محفوظ ہے ، ابھی نندن کو ایوارڈ دے کر بھارت اپنا تماشا خود بنا ر ہاہے ، پاکستان اور چین کلین او ر گرین ویژن کے لیے پرعزم ہیں ، پاک بنگلا دیش تعلقات میں بہت بہتری آئی ہے ، عالمی برادری کو اب علم ہورہا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں خاص کرمسلمانوں سے امتیازی سلوک جاری ہے ،پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں شام کی بھرپور حمایت کرتا ہے ،پاکستانی F16طیارہ گرانے کا بھارتی دعویٰ بے بنیاد ہے ،بھارت اپنے جھوٹ سے دنیا کو گمراہ نہیں کر سکتا،کشمیر میں قابض فوج نے مظالم بڑھا دیے ہیں،مزید35 کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کلین اور گرین ویژن کے لیے پرعزم ہیں،ہم تمام سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے بھی پرعزم ہیں ۔ بنگلا دیش کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بنگلا دیش کے ساتھ برادرانہ،دوستانہ تعلقات ہیں ،وقت کے ساتھ پاک بنگلا دیش تعلقات میں بھی بہت بہتری آئی ہے اور آنے والے دنوں میں یہ تعلقات مزید بہتر ہوںگے ۔ ابھی نندن کو بھارت میں ایوارڈ دینے کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ابھی نندن کو ایوارڈ دے کر بھارت دنیا میں اپنا تماشا خود بنا رہا ہے، ساری دنیا جانتی ہے کہ بھارتی پائلٹ کے ساتھ کیا ہوا،اس نے کس طرح سرنڈر کیا تھا،بھارت نے F16 گرانے کا جھوٹا ڈراما کر کے پائلٹ کو ایوارڈ دیا، بھارت اپنے جھوٹ سے دنیا کو گمراہ نہیں کر سکتا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ایٹمی تنصیبات اور نیوکلیئر پروگرام مکمل طورپر محفوظ ہے اور اس حوالے سے پاکستان تمام عالمی قوانین و تقاضے پورے کررہا ہے ۔عاصم افتخار نے کہا کہ عالمی برادری کو اب علم ہورہا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں خاص کرمسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک جاری ہے، پاکستان اس حوالے سے پہلے بھی عالمی برادری کی توجہ مبذول کراتا رہا ہے اور اب تو بھارت کے اندر سے بھی اس حوالے سے آوازیں بلند ہورہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدام خطے کے امن اور استحکام کے خلاف ہے، کشمیر میں قابض فوج نے مظالم بڑھا دیے اور مزید 35 کشمیریوں کو شہیدکردیا گیا،اس کے علاوہ انسانی حقوق کے کار کنان اور صحافیوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قابض افواج زور زبردستی پر کشمیریوں کی سوچ تبدیل کر رہی ہے،عالمی برادری بھارتی مظالم رکوانے میں کردار ادا کرے۔ ترجمان نے کہا کہ امریکا کی جانب سے ڈیموکریٹک سمٹ پر دعوت نامہ موصول ہوا ہے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شام کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ افغانستان کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ریلیف سامان کی فراہمی جاری ہے۔عاصم افتخار نے واہگہ کے راستے گندم کی ترسیل کے حوالے سے کہا کہ اس حوالے سے بھارتی ناظم الامور کو مطلع کردیاگیا ہے ۔