پاکستان اور چین کے درمیان پہلا زرعی معاہدہ طے

330

بیجنگ (اے پی پی) چین اور پاکستان کے درمیان صنعتی اور زرعی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلیے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے ترقیاتی مرحلے میں دونوں ممالک میں پہلا زرعی معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت پاکستان سے پیاز چین کی منڈی میں بھیجی جائے گی۔ چین میں پاکستانی سفارتخانے نے چینی اخبار گلوبل ٹائمز کو دیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا کہ یہ معاہدہ چین کی منڈی میں پاکستان سے پیاز کی مصنوعات کی رسائی کو آسان بنائے گا اور پاکستان کو پیاز کی مقامی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانے میں مزید مدد دے گا۔ پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے پاکستان میں قومی غذائی تحفظ اور تحقیق کی وزارت کے ساتھ پاکستان سے درآمد شدہ پیاز کے معائنے کی ضروریات کیلیے ایک پروٹوکول پر دستخط کیے، انہوں نے کہا کہ سی پیک اعلی معیار کی ترقی کے دوسرے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے جس میں زرعی تجارت، کولڈ چین اسٹوریج اور دیگر شعبوں میں مضبوط دوطرفہ تعاون کو بہتر بنانے کے ساتھ صنعتی اور زرعی تعاون پر توجہ دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ زرعی تعاون بڑھانے اور چین کو آم، چیری اور ڈیری مصنوعات جیسی اعلیٰ معیار کی مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے کی امید رکھتا ہے۔ تجزیہ نگاروں نے کہا ہے کہ اس معاہدے سے سی پیک کے دوسرے مرحلے کی تعمیر کو فروغ دینے اور زراعت میں باہمی تجارت کو مزید مضبوط کرنے میں مدد ملے گی ۔