جعلی سمیں فروخت کرنے پر 7فرنچائز سیل‘ 9افراد گرفتار

281

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عمران ریاض نے کہا ہے کہ جعلی سموں کے خلاف ملک بھر میں آپریشن جاری ہے، مختلف کمپنیوں کی 7 فرنچائز کو سیل کرکے 9 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ ملک بھر سے 15 تا 20 ہزار جعلی سمز برآمد کرلی ہیں۔ایف آئی اے سائبر کرائم کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر عمران ریاض نے کہا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے ایک بڑی کارروائی کی ہے، جعلی سموں کے خلاف گزشتہ
ہفتے سے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، پی ٹی اے کو عام شہریوں نے شکایات کی تھیں جس پر کارروائی کرتے ہوئے مختلف کمپنیوں کی 7 فرنچائز کو سیل بھی کیا گیا اور 9 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی مختلف فرنچائز کو سیل کردیا ہے،ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم نے بتایا کہ اس گروہ کے 3 کارندے اکتوبر میں کوئٹہ سے پکڑے گئے تھے، ڈی جی خان سے گرفتار ہونے والا ملزم سیلیکون انگوٹھے کے نشان سے سِم کھولتا تھا۔ اندرون سندھ کے علاوہ پنجاب سے بھی انگوٹھے کے نشانات پر سم کھلوائی گئی ہیں، اوکاڑہ اور لاہور کے لوگوں کی بھی شناخت ہوئی ہے، کمپنیوں کے نام سے جعلی سمز فروخت ہو رہی تھی، 15 سے 20 ہزار جعلی سمیں برآمد ہوئی ہیں اور 30 بی وی ایس مشینوں کے ساتھ 4 ہزار سیلیکون انگوٹھے بھی برآمد ہوئے۔ واٹس ایپ نمبر فروخت کیے جارہے ہیں، تمام کمپنیوں کے نمائندے غیر قانونی سمز کھولنے میں ملوث تھے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تفتیش کا دائرہ کار بڑھا رہے ہیں۔پہلے مرحلے میں ایریا منیجرز کو طلب کریں گے ۔اسکول کے واش روم سے کیمرے نکلنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم سندھ اور ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکول نے تعاون نہیں کیا، دی ہیرک اسکول کے واش روم سے برآمد ہونے والے خفیہ کیمرے ایف آئی اے کے حوالے نہیں کیے گئے اور نہ ہی تحقیقات کرنے دی گئیں جب ہم پہنچے تو اسکول سیل تھا، ہم اسکول ڈی سیل نہیں کرسکتے تھے۔دریں اثنا ایف آئی اے، اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کی جانب سے کارروائی کی گئی جس کے دوران اپنے پاسپورٹ کا صفحہ تبدیل کر کے دھوکا دہی سے امریکن ویزا حاصل کرنے کرنیوالے ملزم عدنان احمد ولد تاج بہادر کو گرفتارکیا گیا۔امریکی سفارت خانے کی جانب سے ایف آئی اے کو رپورٹ کی گئی تھی جس پر پاسپورٹ ایکٹ 1974ء کے تحت درج مقدمے میں مطلوب ملزم کو گرفتار کیا گیا۔