محکمہ کالج ایجوکیشن کی ترقیوں میں سنگین بے قاعدگیوںکا انکشاف

148

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کالج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے اہل اساتذہ کو نظر انداز کرکے 2 ریٹائر ڈڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن کو ترقی دیکر چیف ڈائریکٹر اور پرنسپل تعینات کر دیا۔ محکمہ سروسز ، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کو آرڈی نیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کالج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے 23 مرد اور 8 خواتین کو سینئر ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن (بی ایس 18) سے چیف ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن (بی ایس 19) کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔ سینئر ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن ( بی ایس 18) سے چیف ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن (بی ایس 19) میں ترقی پانے
والے 2 چیف ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن کی تعیناتی میں سنگین نوعیت کی بے قاعدگیاں سامنے آئی ہیں جو کالج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی نااہلی اور غفلت کا بین ثبوت ہے۔ مذکورہ نوٹیفکیشن میں مردوں کی فہرست میں سیریل نمبر 12 پر گورنمنٹ بوائر ڈگری کالج لانڈھی 36 بی کے سینئر ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن سیدعبدالباسط کی ترقی پر ان کی پوسٹنگ گورنمنٹ نیشنل کالج نمبر 1 میں خالی اسامی پر بحیثیت چیف ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ سید عبدالباسط کچھ عرصے قبل ملازمت سے ریٹائرڈ ہو چکے ہیں ان کی بعد از ریٹائرڈمنٹ پوسٹنگ کو کالج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کا ’’سنہری‘‘ کارنامہ قرار دیا جا سکتا ہے۔ مذکورہ نوٹیفکیشن میں مرد حضرات کی فہرست میں 23 نمبر پر گورنمنٹ کالج آف فزیکل ایجوکیشن ، کراچی کے سینئر ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن عبدالوحید عباسی کی ترقی کے بعد اسی کالج میں بحیثیت پرنسپل کی گئی ہے جو قطعی غلط اور قواعد کی کھلی خلاف ورزی ہے۔قاعدے کی رو سے پرنسپل کی پوسٹ صرف اور صرف ٹیچر کے لیے مختص ہوتی ہے۔ کالج میں پرنسپل کی پوسٹ گریڈ 18 کی ہونے پر وہاں اسسٹنٹ پروفیسر ، گریڈ 19 کی ہونے پر ایسوسی ایٹ پروفیسر اور اگر گریڈ 20 کی ہونے پر پروفیسر ہی اس کالج کا پرنسپل مقرّر ہو سکتا ہے۔ ٹیچر کے علاوہ ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن یا لائبریرین کو پرنسپل تعینات کرنا قواعد کی خلاف ورزی ہے۔گورنمنٹ کالج آف فزیکل ایجوکیشن کراچی میں فزیکل ایجوکیشن کے ٹیچر کے بجائے ایک چیف ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن کی بحیثیت پرنسپل تقرری کر کے محکمے نے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔