نظام مصطفیؐ کے نفاذ میں ہی انسانیت کی فلاح ہے ، معراج الہدیٰ

127
کراچی: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیق ضلع شرقی کے تحت پیغام رحمت اللعالمین کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کی عملی جدوجہد ہی سیرت النبیؐ پر عمل کا تقاضا ہے ۔وہ جماعت اسلامی علاقہ جامعات اور البلال کے زیر اہتمام پیغامِ رحمت اللعالمین ؐ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ کانفرنس سے جماعت اسلامی ضلع گلبرگ کے امیر فاروق نعمت اللہ اور صوبائی شوریٰ کے رکن انجینئر محمد فاروق خان نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ رحمت العالمینؐ کی سیرت کا پیغام یہی ہے کہ آپؐ کی ہر سنت اور ہر حکم پر پورا کاپورا عمل کیا جائے، نظام مصطفی ؐکے نفاذ میں ہی انسانیت کی فلاح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے عمل و کردار کے ذریعے اللہ کے نبیؐ سے محبت کو ثابت کرنا ہوگا، تمام کلمہ گو مسلمان محمدؐکے پیغام کو پھیلانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ نبی اکرمؐ کی پوری زندگی اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد میں گزری۔ کانفرنس میں بچوں اور بچیوں کے درمیان حسن قرآت، حمد و نعت اور کوئز مقابلے ہوئے، بعد ازاں تمام بچوں کو قیمتی تحائف دیئے گئے۔