جے آئی یوتھ 28 نومبر کو اسلام آباد میں دھرنا دے گی

251

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر، جنرل سیکرٹری راشدمحمود نے کہا ہے کہ جے آئی یوتھ 28 نومبر کو اسلام آباد میں عظیم الشان دھرنا دے گی جس میںفیصل آباد سے ہزاروں نوجوان شرکت کریں گے۔جس کی بھرپورتیاریاں کرلیں گئیں ہیں،فیصل آبادکے تمام صوبائی حلقوں کے صدور اپنے اپنے حلقوںسے نوجوانوںکے قافلوںکی قیادت کرتے ہوئے گٹ والاپہنچیں گے جہاںسے بڑے قافلے کی صورت میں ہزاروںنوجوانواں احتجاجی مارچ اور دھرنامیں شرکت کیلیے اسلام آباد روانہ ہوں گے ،چودھری عمرفاروق گجرنے کہاکہ وزیراعظم ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ پورا کریں۔ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے اس امید کے ساتھ پی ٹی آئی کا ساتھ دیا تھا کہ موجودہ وزیراعظم ان کے مسائل حل کریں گے، مگر سوا 3 سال گزر گئے اور حالات پہلے سے بھی بدتر ہو گئے۔ نوجوان بے روزگاری کے اندھے کنویں میں دھکیلے جا رہے ہیں اور نفسیاتی اور اعصابی امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔ افراط زر، روپے کی قدر میں کمی، بجلی، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، اندرونی قرضوں کی بھرمار، صنعت و تجارت و زراعت کی تباہی پی ٹی آئی حکومت کے ٹریڈ مارکس بن چکے ہیں۔ اس سے بھی بڑا المیہ یہ ہے کہ اپوزیشن کی 2 بڑی جماعتیں اپنے مفادات کی بات کر رہی ہیں۔ اس ساری صورتحال میں جماعت اسلامی میدان میں کھڑی ہے اور عوام کے حقوق کی جنگ پوری طاقت کے ساتھ لڑ رہی ہے۔ جے آئی یوتھ نے نوجوانوں کو منظم کرنے اور ان کے دلوں میں امید کی شمعیں روشن کرنے کا پروگرام تشکیل دیا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ نوجوان قومی امنگوں کے ترجمان ہیں اور ان سے ہی قوم کا مستقبل وابستہ ہے۔ قومی سیاست کی تاریخ گواہ ہے کہ سابق ادوار میں بھی نوجوانوں کو نظرانداز کیا گیا اور موجودہ حکومت نے بھی ماضی کی پالیسیوں کو برقرار رکھا۔ ہماری یہ اپیل ہے کہ ملک کے پڑھے لکھے نوجوان جماعت اسلامی کا پلیٹ فارم استعمال کریں اور اپنے حقوق کے لیے بھرپور طریقے سے آواز بلند کریں۔چودھری عمرفاروق گجر نے کہا کہ 28نومبر کا اسلام آباد جے آئی یوتھ کا دھرنا ایک عظیم الشان نمائندہ، منظم اور پُروقار احتجاج ہو گا اور اس سے مستقبل میں نوجوانوں کے اندر بڑی تحریک کی بنیاد پڑے گی۔