منصفانہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے،جاویدرحمت

170

ٹھٹھہ( نمائندہ جسارت)صاف، شفاف اور منصفانہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے،عوام شفاف اور غلطی سے پاک ووٹر لسٹوں کی تیاری کے لیے تعینات عملے کے ساتھ تعاون کریں،جاوید رحمت۔ تفصیلات کے مطابق جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ جاوید رحمت نے ضلع ٹھٹھہ کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے کوائف کی تصدیق، درستگی اور شناختی کارڈ میں درج مستقل یا عارضی پتے پر منتقل کرانے کیلیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مقررہ عملے سے تعاون اور معاونت کریں تاکہ شفاف اور غلطیوں سے پاک ووٹر لسٹیں تیار کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن ایک جہموری عمل ہے، صاف، شفاف اور منصفانہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے۔ ریجنل الیکشن کمشنر آفس ٹھٹھہ میں گھر گھر ووٹ تصدیقی عمل کی نگرانی اور جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ریجنل الیکشن کمشنر ٹھٹھہ عبدالرحمن آرائیں، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ٹھٹھہ عذرہ مہیسر، رکن ڈی وی ای سی و فوکل پرسن محمد حسن سومرو، ضلع میں تعینات اسسٹنٹ رجسٹریشن افسران، سپروائزر، تصدیقی افسران و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر تمام ای آر اوز نے اپنی اپنی تحصیل کی ووٹ لسٹوں کی نظرثانی رپورٹ پیش کی اور مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گھر گھر ووٹوں کی تصدیق کے عمل کو کم از کم 15 دن بڑھایا جائے تاکہ ووٹر لسٹ تصدیقی عمل کو آسانی سے مکمل کیا جا سکے۔ جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ جاوید رحمت نے پیش کردہ رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ انتخابی مہم کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں تاکہ صاف، شفاف اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنایا جا سکے۔