مہنگائی اپنی حد عبور کر چکی، سعید احمد ملکال

244

دھابیجی(نمائندہ جسارت)ضلع بٹگرام خیبرپختونخواہ کے نوجوان معروف سیاسی و سماجی رہنما سعید احمد ملکال نے کہا ہی کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث پاکستان میں آج مہنگائی اپنی حد عبور کرچکی ہے۔موجودہ حالات میں غریب آدمی دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہے جبکہ غربت کے باعث لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ حکومت نے اگر فوری مہنگائی پر قابو نہ پایا تو خدانخواستہ ملک تباہی کی طرف چلا جائے گا۔زرین خان کالونی دھابیجی میں پاکستان پیٹریاٹک یوتھ کے صوبائی رہنما ڈاکٹر مشرف خان دیشانی کی جانب سے دیے گئے عشائیہ میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعید احمد ملکال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے الیکشن سے قبل عوام کو بڑے سہانے خواب دکھائے تھے لیکن اقتدار میں آنے کے بعد ساڑھے 3 سال گزرنے کے باوجود عوام کے لیے کچھ بھی نہیں کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تحصیل الائی ضلع بٹگرام میں 2005 کے زلزلے کے بعد 82 اسکول منہدم ہوگئے تھے جن کو تاحال تعمیر نہیں کیا جاسکا ہے۔تحصیل کے 8اسپتالوں میں ایک بھی ڈاکٹر یا سرجن نہیں ہے۔ ضلع بٹگرام میں بھی یونیورسٹی قائم نہیں کی جاسکی ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈاکٹر مشرف خان دیشانی، عبدالسلام تنولی، قاری محمد فیاض دیشانی، رحمن بٹگرامی، انور شید ودیگر موجود تھے۔