تر کی میں سرمایاکار ی کیلیے امارات میں فنڈ قائم

326

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے ترکی میں سرمایہ کاری کے فروغ اورمعاونت کے لیے 10 ارب ڈالر مالیت کے ایک فنڈ کے قیام کا اعلان کردیا۔ خبررساں ادارے وام کے مطابق یہ فنڈ ترکی میں توانائی اور صحت کے شعبوں سمیت تزویراتی سرمایہ کاری پر اپنی توجہ مرکوز کرے گا۔انقرہ میں ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زایدالنہیان اور میزبان صدررجب طیب اردوان کے درمیان بدھ کے روز بات چیت کے بعد اس سرمایہ کاری فنڈ کے قیام کا اعلان کیا گیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے توانائی، صحت اور خوراک کے شعبوں کو تقویت دینے کے لیے تعاون پر اتفاق کیا۔ واضح رہے کہ شیخ محمد بن زاید گزشتہ کئی سال کے بعد ترکی کا دورہ کرنے والے پہلے اعلیٰ عہدہ دار ہیں۔ دونوں ممالک سردمہری کے بعد دوبارہ ایک دوسرے کے قریب آرہے ہیں اوراپنے تعلقات میں بہتری لارہے ہیں۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے ترکی کی معیشت کو سہارا دینے کے لیے سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے ترکی میں سرمایہ کاری کا اعلان دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے ایک نئے باب کو کھولے گا۔ امارات کی جانب سے یہ اقدام ترکی کی معیشت کو سہارا دینے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بڑھانے کے لیے کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ترکی کی کرنسی لیرا کی قدر میں اس میں قبل تاریخی کمی آئی اور لیرا ڈالر کے مقابلے میں 15 فیصد تک نیچے آگیاتھا۔ واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ کئی برسوں میں شدید کشیدگی رہی ہے، جس کی وجہ خلیجی ممالک کا ترکی کے حلیف ملک قطر سے تنازع تھا۔