امریکا: سیاہ فام کے قتل میں 3سفید فام قصوروار قرار

481
جارجیا: احمد آربری کے اہل خانہ پریس کانفرنس کررہے ہیں‘ چھوٹی تصاویر قاتلوں اور مقتول کی ہیں

اٹلانٹا (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ریاست جارجیا کی عدالت نے سیاہ فام نوجوان احمد آربری کے قتل میں ملوث 3سفید فام ملزمان کو قصور وار قرار دے دیا۔ تینوں سفید فام ملزمان کو آیندہ سال فروری میں مقدمے کی دوسری سماعت میں سزا سنائی جائے گی،جو کم سے کم عمر قید ہو سکتی ہے۔ مقدمے کے جج یہ فیصلہ بھی کریں گے کہ دوران سزا ضمانت کی گنجایش ہوگی یا نہیں۔ فیصلہ سنانے سے پہلے جیوری نے تقریباً 10 گھنٹے تک آپس میں مشورہ کیا، جس کے بعد سفید فام ملزمان گریگ مک مائیکل، ان کے بیٹے ٹریوس مائیکل اور محلے دار ولیم روڈی برائن کو آربری کے قتل کا قصور وار قرار دیا گیا۔ یاد رہے کہ فروری 2020 ء میں سیاہ فام نوجوان احمد آربری کو تعاقب کر کے ایک سنسان سڑک پر گولی ماری گئی تھی۔ابتدا میں اس کیس کو زیادہ توجہ حاصل نہیں ہوئی۔ لیکن واقعے کی ایک وڈیو لیک ہونے کے بعد آربری کی غیر فطری موت امریکا میں سیاہ فاموں کے ساتھ نسلی بے انصافی کے ایک اور واقعے کی طور پر سامنے آئی۔ صدر جو بائیڈن نے کیس کے فیصلے کے بعد کہا ہے کہ آربری کا قتل ہمیں یاد دہانی کراتا ہے کہ امریکا میں نسلی تعصب کے خاتمے اور انصاف کے لے ابھی بہت کام کرنا باقی ہے۔