وفاق چوری کی گئی 66 لاکھ میٹرک ٹن گندم کا حساب دے، سندھ حکومت

227

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی اور وزیر خوراک و ایکسائیز سندھ مکیش کمار چاؤلہ نے کہا ہے کہ سندھ میں آٹے کی کوئی کمی نہیں ہے، وفاقی وزراء سندھ میں 16 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی چوری کی تحقیقات کے بجائے اس 66 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی تحقیقات کرائیں جو پنجاب سے غائب ہوئی اور خود وفاقی وزیر نے ایوان کے فلور پر اس کا اعتراف کیا تھا۔جمعرات کو سندھ اسمبلی کے میڈیا کارنر پر گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ خدشہ ہے کہ آئندہ 3 ہفتے میں پیٹرول 170 روپے لیٹر نہ ہوجائے۔ موجودہ پیٹرول بحران اسی سلسلے کی کڑی نظر آرہا ہے جو کچھ ماہ قبل پیٹرول کی راتوں رات اوگرا کی منظوری کے بغیر 25 روپے لیٹر قیمت بڑھا کر کیا گیا تھا، جس میں ان نالائق اور نااہل حکومت کے اے ٹی ایمز نے راتوں رات اس ملک کے عوام کو اربوں روپے کا ٹیکہ لگایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہمیشہ عدالتی نظام اور غیر جمہوری قوتوں کی جانب سے ظلم کیا جاتا رہا ہے۔ سابق جسٹس نسیم اسلم نے خود انٹرویو میں اس بات کو تسلیم کیا کہ بھٹو کو پھانسی کا فیصلہ غلط تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو کا ریفرنس آج بھی عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اور لوگوں کو ثاقب نثار کی آڈیو کی پڑی ہے۔اس موقع پر مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ وفاق کی جانب سے آئے روز کوئی نہ کوئی بلیم گیم کھیلی جاتی ہے اور عوام کو گمراہ کرنے کے لئے ان کے نالائق اور نااہل وزراء میڈیا پر آکر بے تکی باتیں کررہے ہیں۔