مریم نواز، شاہد خاقان عباسی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست مسترد

198

اسلام آباد: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے مریم نواز، شاہد خاقان عباسی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں عدلیہ کو بدنام کرنے کے الزام میں مریم نواز اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی توہین عدالت کے مرتکب ہوئے، دونوں نے عدلیہ کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کیے لہٰذا شاہد خاقان اور مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست گزار وکیل کے دلائل کے بعد درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا۔

عدالت نے بعد ازاں مختصر فیصلہ سناتے ہوئے مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست مسترد کردی، عدالت نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیا۔

قبل ازیں درخواست گزار نے کہا کہ ثاقب نثار کے خلاف جو باتیں پریس کانفرنس میں ہوئیں وہ توہین عدالت ہے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ریٹائرڈ آدمی کی توہین نہیں ہوتی، بےشک ریٹائر ہونے والا چیف جسٹس ہی کیوں نہ ہو، جو خود متاثرہ ہے وہ بھی ہتک عزت کا دعویٰ کر سکتا ہے.

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ پہلی بات یہ ہے کہ تنقید سے متعلق ججز اوپن مائنڈ ہوتے ہیں، ججز بڑی اونچی پوزیشن پر ہوتے ہیں تنقید کو ویلکم کرنا چاہیے۔