مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے ہاتھوں مسلسل قتل عام کیخلاف پاسبان حریت کا احتجاجی دھرنا

339

 مقبوضہ وادی کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں شہریوں کے مسلسل قتل عام کیخلاف پاسبان حریت جموں کشمیر کے زیر اہتمام حکومت ہند کیخلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔اقوام متحدہ، یورپی یونین، او آئی سی سمیت ایمنسٹی انٹرنیشنل اور واچ سے بھارت کیخلاف جنگی جرائم قائم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق رام باغ سرینگر اور وادی کشمیر کے طول و ارض میں بھارتی قابضین کے ہاتھوں فرضی جھڑپوں میں کشمیری شہریوں بالخصوص نوجوانوں کو قتل کیئے جانے پر کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر پاسبان حریت جموں کشمیر کے زیر اہتمام دارالحکومت میں سنٹرل پریس کلب کے سامنے  بھارت مخالف احتجاجی ریلی اور دھرنے کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بھارت مخالف مظاہرین نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر عالی اداروں سے اپیل اور جعلی انکاونٹرز کیخلاف مذمتی جملے درج تھے۔ مظاہرین بھارتی دہشتگردی کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے تھے۔ احتجاجی ریلی سے چیئرمین پاسبان حریت عزیراحمدغزالی، مہاجرین نمائندہ حمزہ شاہین، حریت رہنماء مشتاق السلام، البرق مجاہدین کے نمائندہ محمد عمر، پیپلز پارٹی شوکت جاوید میر، وائس چیئرمین پاسبان حریت  عثمان علی ہاشم،  مہتاب حمید ایڈووکیٹ،  قاری عظمت حیات کشمیری، ڈاکٹر محمد منظور اور جاوید احمد مغل نے خطاب کرتے ہوئے کہا بھارتیہ جنتا پارٹی کی سفاک حکومت منصوبہ بندی سے وادی کشمیر میں فرضی جھڑپوں میں نہتے شہریوں اور نوجوانوں کو قتل کررہی ہے۔ حیدر پورہ کے ظالمانہ قتل عام کے بعد گزشتہ رات رام باغ میں بیچ سڑک تین نوجوانوں کو گاڑی سے اتار کر گولیاں ماری گئیں۔ مقررین نے کہا کے بھارت کے زیر قبضہ جموں کشمیر کے سوا کروڑ انسان خوف،دہشت اور سفاکیت کا سامنا کررہے ہیں۔ مقررین نے کہا کے ریاست عملاًایک جیل میں بدلی جا چکی ہے ہر طرف محاصرے اور بندوقوں کا راج ہے ہزاروں کشمیری شہری غیر قانونی طور پر بھارت کی جیلوں میں سسک رہے ہیں۔ قابض فورسز کشمیری عوام کے انسانی، سیاسی،  سماجی اور مذہبی حقوق فوجی طاقت سے سلب کر رہی ہیں۔ ان حالات میں اقوام متحدہ، یورپی یونین، او آئی سی، عرب لیگ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں ایمنسٹی انٹرنیشنل،  ایشیاء واچ کی آئینی ذمہ داری ہے کہ یہ عالمی ادارے متنازعہ ریاست میں بھارت کے ہاتھوں سسکتی انسانیت کو بچانے کیلئے آگے آئیں۔ مقررین نے بھارتی دہشتگردی کی شدید مزمت کرتے ہوئے بھارت سے مقبوضہ ریاست کی آزادی کیلئے موثر ترین مزاحمتی تحریک بپا کرنے کا مطالبہ کیا۔ بھارت مخالف مظاہرین نے بنک روڈ پر مرکزی شاہراہ پر مارچ کیا اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کیئے۔