پی پی 206 ضمنی انتخاب، ڈی آر او آر او کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات تفویض  

195

الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 206خانیوال میں 16دسمبر کو منعقد ہونیوالے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آ فیسر محمد شاہد اور ریٹرننگ آفیسر تنویر الحسن کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات تفویض کر دئیے۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ریٹرننگ آفیسر 16دسمبر 2021 پولنگ کے روز ایک دن کیلئے مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات استعمال کر سکیں گے جبکہ پریذائیڈنگ افسران کو بھی  الیکشن کمیشن کی جانب سے تین روز کیلئے 15 سے 17دسمبر 2021تک کیلئے مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات تفویض کر دئیے گئے۔ پریذائیڈنگ افسران پولنگ سے ایک دن پہلے اور ایک دن بعد تک ان اختیارات کا استعمال کر سکیں گے۔ مذکورہ انتخابی اہلکاران ان اختیارات کا استعمال انتخابی جرائم کیخلاف فوری طور پر کارروائی کرنے کیلئے استعمال کر سکتے ہیں۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کے تعینات کردہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر، سید طیب زوار بخاری نے حلقے میں جاری تمام ترقیاتی کاموں کو رکوانے کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کر دئیے۔ متعلقہ حکام نے فوری طور پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کو الیکشن کے انعقاد تک روک دیا۔ پی پی  206خانیوال میں امیدواران کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی اور انتخابی نشانات بھی الاٹ کر دئیے گئے ہیں۔ حلقے میں 12امیدواران حصہ لے رہے ہیں۔ جن میں پاکستان مسلم لیگ ن کی طرف سے رانا محمد سلیم، پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے منزہ پروین، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی طرف سے سید واثق سرجیس اور تحریک لبیک پاکستان کی طرف سے محمد اکمل شامل ہیں۔