حکومت سے مذاکرات کامیاب،پیٹرول ڈیلر ایسوسی ایشن کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

630

حکومت اور پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے درمیان معاہدہ طے پاگیا جس کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن ہڑتال ختم کرنے پر رضامند ۔رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات طے پاگئے ہیں جس کے بعد پمپ مالکان ہڑتال ختم کرنے پر راضی ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ڈیلر مارجن میں 99 پیسے فی لیٹر اضافے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ پٹرولیم ڈویژن ای سی سی اور وفاقی کابینہ سے 99 پیسے اضافے کی منظوری لے گی جب کہ 6 ماہ بعد مارجن میں مہنگائی کے تناسب سے ردو بدل پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے مذاکرات کے دوران پیٹرول ڈیلرز کو حتمی جواب دیا ہے کہ وہ 99 پیسے سے زیادہ مارجن نہیں بڑھا سکتے اب مزید ہڑتال جاری رکھنی ہے یا نہیں یہ فیصلہ آپ کو کرنا ہے۔ ڈیلرز ایسوسی ایشن حکومت کے اس جواب کے بعد ہڑتال ختم کرنے پر رضامند ہوگئی ہے ۔ذرائع کے مطابق حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز کے کمیشن پر ششماہی بنیادوں پر نظرثانی کی جائے گی، ڈیزل پر مارجن 3.30 سے بڑھا کر 4.13 روپے مقرر کیا جائے گا جب کہ پیٹرول پر مارجن 3.91 روپے سے بڑھ کر 4.90 روپے کردیا جائے گا۔