پشاورپولیس نے شہر کے گنجان آباد رہائشی علاقے میںقائم شراب فیکٹری سیل کردی، ملزم گرفتار 

193

تھانہ گلبہار پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کے دوران شہر کے گنجان آباد رہائشی علاقہ شیخ آباد میںقائم شراب فیکٹری سیل کردی۔ کاررروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ گلبہار اشفاق خان کواطلاع ملی تھی کہ شہر کے گنجان آباد رہائشی علاقہ شیخ آباد کے ایک رہائشی گھر میں دیسی ساختہ شراب تیار ہونے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کو سپلائی کی جاتی ہے جس پر ایس ایچ اوتھانہ گلبہار اشفاق خان نے لیڈیز پولیس کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے رہائشی گھر میں قائم شراب فیکٹر ی سیل کرتے ہوئے ملزم محمد مدثر ولد فیاض کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران شراب تیار کرنے اور مختلف ڈیلرز اور مخصوص گاہک کو سپلائی کا اعتراف کر لیا جس نے مذموم مقصد کی خاطر کرائے پر گھر حاصل کیا تھا۔ پولیس نے مالک مکان سمیت دیگر افراد کو بھی شامل تفتیش کر لیا جبکہ شراب تیار کرنے والی فیکٹری سے 70 بوتل شراب اور شراب سے بھرے چار عدد ڈرم سمیت دیگر سامان بھی برآمد کر کے ملوث ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔ ملزم کی نشاندہی پر دیگر افراد کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ ملزم سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے ۔