کچھ لوگ سیاست میں خود کو زندہ رکھنے کے لیے نیب پر تنقید کرتے ہیں، چیئرمین نیب

277

لاہور: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ سیاست میں  خود کو زندہ رکھنے کے لیے نیب  پر تنقید کرتے ہیں، ان کی صبح نیب سے شروع اور شام نیب پر ختم ہوتی ہے۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ کرپشن نے ملک کو برباد کردیا، پاکستان میں لوٹی ہوئی دولت واپس دلانا بہت مشکل کام ہے، عوام کو چاہیے کہ سرمایہ کاری سے پہلے ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی تحقیق کرلیا کریں، بعض ہاؤسنگ سوسائٹیز حکام دھوکہ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ تصور بھی نہیں کرسکتے تھے کہ ان کو بلا کر پوچھا جائے گا، نیب کے حوالے سے نان ایشوز کو بھی ایشو بنایا گیا، ایک شخص نے الزام لگایا کہ نیب افسران رشوت لیتے ہیں، میں الزام لگانے والے شخص سے کہتا ہوں ثبوت دیں اسی دن کارروائی کریں گے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نظام میں کچھ نقائص ضرور ہیں لیکن امید ہے بہتر کریں گے، کرپشن نے نظام کو کمزور کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، اپنے 4 سال میں محنت سے کام کیا، 4 سال میں 1200 سے زائد ریفرنسز داخل کئے، نیب کیس احتساب عدالت بھیجنے کے بعد مکمل ہوجاتا ہے، نیب ریفرنسز سے متعلق فیصلے کا کام احتساب عدالتوں کا ہے نیب کا نہیں۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ ریفرنسز کا فیصلہ کرنا میرے اختیار میں ہوتا تو کبھی کبھی سالہاسال نہ لگتے، مجھے جتنا برا بھلا کہیں، الزام تراشی کریں، نیب نے جو جنگ شروع کی وہ جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ چائے کی پیالی میں طوفان برپا کیا گیا کہ نیب ریکوری کہاں گئی، طوفان لانے والوں کو علم ہونا چاہیے کہ ریکور رقم کا ریکارڈ نیب کے پاس ہے، نیب کا 3 بار مکمل آڈٹ ہوچکا ہے، نیب کی ڈائریکٹ اور انڈائریکٹ ریکوری کا ریکارڈ موجود ہے، نیب  ریکوری کاحساب جس کو بھی چاہیے وہ معلومات لے سکتا ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ رقم وصولی رقم کی صورت میں نہیں ہوتی، اربوں روپے کی زمینوں کا قبضہ چھڑایا گیا، گندم ریکور کی گئی، گوادرسےکھربوں روپےکی زمین ریکورکرائی، ریکوری ہمارے پاس امانت تھی، آج تک خیانت کا خیال نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ نیب پر تنقید ضرور کریں  لیکن تنقید کے بھی اصول ہوتے ہیں، سسٹم کی خرابیوں پر کسی فرد واحد کو ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتے، نیب پر بدترین تنقید یہ ہے کہ حکومت نیب کو استعمال کررہی ہے، کچھ لوگ انا کی تسکین کے لیے نیب پر تنقید کرتے ہیں۔ نیب حکومت کے خلاف ایکشن نہیں لیتا یہ الزام لگانے والے بتائیں کہ انہوں نے ہمیں حکومت کے خلاف کتنی درخواستیں دیں، آج درخواست دیں 48 گھنٹے میں ایکشن لوں گا، کوئی مقدس گائے نہیں جو کرے گا وہ بھرے گا۔