پی سی بی نشریاتی حقوق پی ٹی وی کے علاوہ کسی کونہ دے،عدالت کاحکم

314

لاہورکی سول عدالت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کومیچزکے حقوق پی ٹی وی کے علاوہ کسی اورکودینے سے روک دیا۔لاہورکی سول عدالت نے پی ٹی وی کے2ارب روپے کے دعویٰ کی سماعت میں پی سی بی کوکرکٹ میچز کے حقوق پی ٹی وی کے علاوہ کسی اورکودینے سے روک دیا۔عدالت نے پی سی بی کونوٹس جاری کرتے ہوئے6دسمبرکوجواب جمع کرانے کا حکم دیا۔پی ٹی وی نے 2ارب روپے کے دعوی میں موقف اختیارکیا کہ پی سی بی کے ساتھ2023تک پاکستان میں کرکٹ میچز کی نشریات کے لئے پی سی بی سے معاہدہ ہوا تھا تاہم پی سی بی نے بغیرنوٹس دئیے5نومبر2021کو پی ٹی وی اسپورٹس کے ساتھ معاہدہ معطل کردیا۔پی سی بی کے اقدام سے پی ٹی وی کو 1ارب روپے کا مالی نقصان اور1ارب روپے کی ساکھ متاثر ہوئی۔دعوی میں مزید کہا گیا کہ ڈیجیٹل پاکستان پالیسی کے نفاذ تک پی سی بی نے کرکٹ کی پاکستان میں نشریات کا معاہدہ کیا ہے۔پی سی بی کا نشریات کے حقوق معطل کرنا معاہدے کیخلاف ورزی ہے۔پاکستان ٹیلی ویژن نے استدعا کی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو کسی بھی ذریعے سے نیا معاہدہ کرنے سے روکا جائے۔ پی سی بی کو پی ٹی وی اسپورٹس کیساتھ طے شدہ معاہدے کا پابند رکھا جائے اورمعاہدہ کی کیخلاف ورزی پر پی ٹی وی کو 2 ارب روپے کا ہرجانہ دلوایا جائے۔